لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم رضوان احمد سینئر کی قیادت میں آج رات کراچی سے ہالینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے میگا ایونٹ سے تین ہفتے قبل ٹیم کو یورپ بھجوانے کا مقصد کھلاڑیوں کو وہاں کے ماحول میں ایڈجسٹ کرانا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑی پانچ پریکٹس میں حصہ لینگے۔ ہالینڈ میں دہ ہفتے کے تربیتی کیمپ میں پاکستان کی ڈیفنس لائن پر کام کیا جائے گا جس کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیف کوچ رولینٹ اولمٹیمنز کی معاونت سے شارٹ کارنر اور گول کیپنگ کوچ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پاکستان ٹیم ہالینڈ کے مقامی کلبوں کے علاوہ آسٹریا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں پاکستان کا تربیتی کیمپ غیر ملکی کوچ کی سفارش پر لگایا گیا ہے جس میں 22 کھلاڑی شریک ہونگے 18 جون کو کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر شاٹ لسٹ کر کے تعداد 18 کر دی جائے گی جو 20 جون کو چیمپیئنز ٹرافی کے میزبان شہر چلی جائے گی۔