لاہور (سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ میں ناٹنگھم شہر کے کمیونٹی سینٹر اور باکسنگ سکول میں اپنے شاگردوں کی کوچنگ کرتی ہوئی زہرا بٹ اپنے حجاب کی وجہ سے کافی منفرد دکھائی دیتی ہیں۔زہرا بٹ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون ہیں۔ وہ برطانوی امیچر باکسنگ ایسوسی ایشن کی لیول ون باکسنگ کوچ ہیں۔زہرا بٹ کے لیے باکسنگ کوچ بننے کا یہ سفر ہرگز آسان نہیں رہا کیونکہ انھیں لوگوں کی طرح طرح کی باتیں بھی سننی پڑی تھیں۔ میری زندگی کے تمام فیصلے فیملی نے کیے لیکن باکسنگ کو اپنانے کا فیصلہ میں نے خود کیا تھا۔ والدہ بہت پریشان ہوتی تھیں۔ انھیں میرا فیس بک پر تصاویر پوسٹ کرنا بھی پسند نہ تھا اور وہ ناراض ہو کر کہتی تھیں کہ سب کو کیوں بتاتی ہو کہ تم باکسنگ کوچ ہو۔ زہرا بٹ اپنے حجاب کو خوش قسمتی اور انفرادیت کی علامت سمجھتی ہیں۔میں نے پندرہ سال پہلے یہ حجاب اپنی مرضی سے پہنا تھا اور یہ میری طاقت اور ہمت ہے۔ میں نے اپنی ٹریننگ کے دوران اسے کبھی نہیں اتارا۔ میرے لیے حجاب خوش قسمت ثابت ہوا ہے اور اب یہ میری پہچان بھی بن چکا ہے۔