راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ نیواسلام آباد ایئرپورٹ بناکر اہل راولپنڈی کو فضائی سہولتوں سے محروم کردیاگیا، ملک کی اقتصادی صورتحال خطرناک ہے اگر بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر اسی طرح کم ہوتے گئے تو قسطوں کی ادائیگی جان لیواثابت ہوگی۔الیکشن کاماحول ہی نہیں بن رہاکیونکہ لوگوں کو حلقوں کاہی پتہ نہیںراولپنڈی میں ہمارا ہسپتال، کالج اورشیخ رشیدایکسپریس نہیں بنائی گئی اور کمیشن کھانے کے لئے میٹروبس سروس بنائی گئی، شہرمیں پانی اوربجلی نہ ہونے سے لوگ بلبلا رہے ہیں،آئندہ الیکشن میں حلقہ این اے 60، 61اور62راولپنڈی میں ’’بلا‘‘ اور’’قلم دوات‘‘ پاکستان کی سیاست کارخ موڑ دیں گے اور ن لیگ کو تینوں حلقوں میں تاریخی شکست دیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈہوک نجو یونین کونسل 12میں افطار جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا شیخ رشیداحمد نے کہا کہ نہ کاغذات نامزدگی ہیں، نہ حلقہ بندی ہے، نہ ووٹرلسٹ ہے ،نہ ہی پریذائیڈنگ افسر ہیں اور پھر بھی اصرار ہے کہ الیکشن وقت پر ہوںگے، الیکشن کاماحول ہی نہیں بن رہاکیونکہ لوگوں کویہ ہی پتہ نہیں رہاکہ حلقہ کون ساہے؟انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی ہے نہ بجلی ہے اورعوام بلبلا رہے ہیں،ن لیگیوں نے اپنے دوراقتدار کے آخری ہفتے میں نامکمل منصوبوں پر افتتاحی تختیاں لگاکر عوام کودھوکہ دینے کی کوشش کی لیکن اب لوگ بڑے باشعور ہیں اور اپنے ووٹ کے ذریعے انہیں شکست سے دوچار کریں گے۔