ریلوے سیکشنز کی بحالی

مکرمی! عوام الناس کے لیے ذرائع آمدورفت اور مال برداری کے لیے پاکستان ریلوے ایک انتہائی موثر اور سستا ترین ذریعہ ہے۔ کئی سال قبل پاکستان ریلو ے کے سمہ سٹہ ۔ بہاولنگر، فورٹ عباس سیکشنز پر چلنے والی ہر قسم کی ایکسپریس اور پسنجرز گاڑیوں کو بند کر دیا گیا تھا حتیٰ کہ مذکورہ سیکشنز پر چلنے والی مال برادر گاڑیاں بھی بند کر دی گئیں تھیں۔ ان گاڑیوں کے بند کرنے میں یہ جواز پیش کیا گیا تھا کہ مذکورہ بالا ریلوے سیکشنز پر چلنے والی مسافر بردار اور مال بردار گاڑیاں خسارہ میں چل رہی تھیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر پاکستان ریلوے کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ’’پاکستان ریلوے انتظامیہ نے سمہ سٹہ ۔ بہاولنگر۔ فور عباس ریلوے سیکشنز کو فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر پاکستان ریلوے کا یہ اعلان ایک خوش آئین بات ہے اور اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ پاکستان ریلوے کے اس اقدام سے مذکورہ سیکشنز بحال ہونے سے علاقہ کے عوام الناس کو سفر کی بہترین اور سستی سہولتیں میسر ہوں گی اور علاقہ کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو جائے گا۔ (شہزاد احمد شیخ گلشن لاہور ہائوسنگ سکیم لاہور کینٹ ضلع لاہور)

ای پیپر دی نیشن