لاہور، کاہنہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) نشتر کالونی کے علاقہ میں زہریلی شراب پینے سے 3افراد ہلاک ہو گئے پولیس کے مطابق تینوں افراد نے ایک ہی جگہ بیٹھ کر شراب پی تھی۔پولیس نے شراب فراہم کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقہ آصف ٹاون میں 29سالہ گل زمان،25سالہ نقاش اشرف اور 30سالہ راشد مسیح نے ایک جگہ بیٹھ کر شراب پی،جس کے بعد وہ اپنے گھروں کو چلے گئے،جہاں انکی حالت غیر ہوگئی،اہل خانہ نے ان کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے نعشیں قبضہ میں لیکر مردہ خانے جمع کروادیں،جائے وقوعہ سے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشن کے نوٹس کے بعد ایس ایچ او نشتر کالونی انسپکٹر حافظ ماجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شراب فراہم کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا،جس سے تفتیش جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے جن اور جگہوں پر شراب سپلائی کی ان کے حوالے سے تفتیش جاری ہے تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔ ہلاک ہونے والے گل زمان کے والد مقصود مسیح کے بیان پر ملزموں صابر اور راجہ مسیح کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔