لاہور( سپیشل رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں وفود سے ملاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا نظام حکومت چلانہیں پا رہی یا نیت ہی یہ ہے کہ کوئی بھی کام منتخب اداروں کے ذریعے نہ ہو۔ حکومتی نااہلی ، ناکامی اور کھلنڈرا پن جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے بوجھ بنتا جارہاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور کاروباری نظام ٹھپ ہونے سے غریب پس گیاہے اور سفید پوش طبقہ کی سفید پوشی کا بھرم ختم ہوگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ بدترین شرائط پر مبنی ہے ۔ آئی ایم ایف پروگرام کا حصول کامیابی کی ضمانت نہیں ہے یہ عجیب و غریب معاہدہ ہے کہ پارلیمنٹ اور کابینہ بے خبر ہیںاور یہ بھی یقین ہے کہ وزیراعظم کے دائرہ سے بھی باہر ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی ٹیم منصوبہ سازی کے ساتھ عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی بیرونی بیساکھی قومی معیشت بحال نہیں کرسکتی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی 16جون کو لاہور میں مہنگائی ، بے روزگاری ، سود اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف زبردست عوامی مارچ کرے گی ۔