لاہور(نمائندہ سپورٹس )سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی اور ان کی یوکرینی جوڑی دار نادیہ کشی نوف فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ مکسڈ ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ مکسڈ ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور نادیا کشی نوک نے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کے آسٹن کریجی سک اور ان کی کروشین جوڑی دار دریجا جیورک کو 6-4، 4-6 اور 10-7 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔دفاعی چیمپئن رافیل نڈال، راجر فیڈرر، سٹیفانوس، جان لونڈیرو، کائی نیشکوری، لیونارڈو میئر اور بینوئٹ پیئر مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ نڈال نے ڈیوڈ گوفن کو 6-1، 6-3، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن فیڈرر بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے کاسپر ریوڈ کو ٹائی بریک پر 6-3، 6-1 اور 7-6(10-8) سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ جاپان کے نیشکوری نے لاسلو ڈیری کو 6-4، 6-7، 6-3، 4-6 اور 8-6 سے زیر کر کے تیسرا مرحلہ عبور کیا، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے فلپ کریجی نووچ کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر مات دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، لیونارڈو میئر نے نیکولاس ماہوت کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، جان لونڈیرو نے کورینٹن اور بینوئٹ پیئر نے پبلو کارینو بسٹا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔سیمونا ہالپ، گربین مگروزا، جوہانا کونتا، کایا کنیپی، سیواستووا، وونڈروسووا، سیلونی سٹیفنز اور ڈونا ویکچ پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں۔