کراچی (آئی این پی ) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کی پریس کانفرنس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید انسانی جان وفاقی حکومت کی ترجیح نہیں ہے، ان کی ترجیح معیشت بچانا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے ٹوئٹر پر کہا کہ وفاق نے ہماری بات نہیں سنی، سخت لاک ڈاؤن ہوتا تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر میں لاپرواہی سے کورونا کیسز میں اضافہ ہوا کیونکہ ہمارے کچھ سیاستدان خود ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا عدالتی فیصلے کیمطابق صوبے کو وفاق کے فیصلوں پر عمل کرنا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز خرم شیر زمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سندھ حکومت لاک ڈاؤن بڑھانے کی طرف جاتی ہے تو اس کی مل کر مخالفت کریں۔
انسانی جان سے زیادہ معیشت وفاقی حکومت کی ترجیح ہے: مرتضیٰ وہاب
Jun 02, 2020