لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کرنے والی بھارتی فوج کیخلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے‘ بھارت کو کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب ہی ملے گا۔ بھارت اندر سے ٹوٹ رہا۔ نریندر مودی اور اس کے حواری بے وقوفی کر رہے ہیں۔ دنیا کو بھارتی مسلمانوں اورکشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ سختی کے بغیر پاکستان میں لوگوں کو کرونا سے بچانے کیلئے گھروں میں رکھنا ممکن نہیں ہے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قومی نہیں ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر سیاست کر رہی ہیں۔