کرونا سے سرمایہ کاری ، ترسیلات زر، مقامی تجارت کم ہوئی ، ’’زرمبادلہ،‘‘ ذخائر گھٹ سکتے ہیں : سٹیٹ بنک

Jun 02, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرونا کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کی رپورٹ جاری کر دی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق کرونا وائرس کے سبب تجارت مثاثر ہوئی جبکہ عالمی معیشت مثاثر ہونے سے ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں بھی کمی آئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیل کی کم قیمتوں سے درآمدی ممالک کو فائدہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق کرونا کے باعث مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، عوام کی قوت خرید گھٹ گئی اور بیرونی سرمایہ کاری بھی کم ہوگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاشی سست روی سے محصولات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، وبا کو قابو کرنے کیلئے لاک ڈاؤن کیا گیا جس سے فیکٹروں اور کاروباری طبقے کا کیش فلو مثاثر ہوا، اگر یہی صورتحال جاری رہی تو کئی کمپنیاں دیوالیہ ہوسکتی ہیں۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنیاں دیوالیہ ہونے سے بینکوں کی آمدنی متاثرہوگی اور کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا جبکہ موجودہ صورتحال میں زرمبادلہ کے ذخائرگھٹ سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو روپے کی قدر میں کمی کا خدشہ ہے، معاشی ترقی کی شرح اور بجٹ متاثر ہوگا۔

مزیدخبریں