اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کے شرکاء کو آئندہ بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی۔ مشیر خزانہ نے معیشت کی تازہ صورتحال اور حائل رکاوٹوں پر بھی اعتماد میں لیا۔ خاص طور پر کرونا وباء کے نتیجے میں معاشی حالات کی تبدیلی سے تفصیلی آگاہ کیا۔ معیشت کی بحالی اور نمو کیلئے صنعت کو مراعات کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے‘ سبسڈی معقول بنانے پر غور کیا گیا۔ کرونا سے متاثرہ معیشت کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کی تکمیل کیلئے نجی شراکت کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعت کو ہرممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے۔ معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جانی چاہئے۔ متاثرہ شعبوں کی نشاندہی کر کے آئندہ بجٹ میں انہیں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی اخراجات میں کمی لائیں۔ وزیراعظم عمران خان سے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت محفوظ ایریا منصوبے کی منظوری دیدی۔ منصوبے کے تحت 85 ہزار پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔ کرونا کے دوران ملازمت سے فارغ افراد کو روزگار ملے گا۔ پروگرام کے تحت 12 قومی پارکس میں شجرکاری اور وائلڈ لائف کو تحفظ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے میں تمام وزراء اعلیٰ کو اعتماد میں لیا جائے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے شہر قائد میں پانی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ اور خصوصا کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ ہم صوبہ سندھ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور وفاقی حکومت صوبہ سندھ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کے دوران کراچی می پی آئی اے مسافر طیارے کے حادثے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر سندھ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔