کرونا،71ہلاکتیں،آج میٹرک ،انٹر کے امتحانات کا فیصلہ،مقامی ویکسین کی لانچنگ

اسلام آباد (نامہ نگار +آئی این پی+ صباح نیوز+ این این آئی) ملک بھر میں کرونا سے مزید 71 افراد انتقال کر گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 850 تک پہنچ گئی۔ ایک ہزار 771 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 57 ہزار 336 ہو گئی۔ مثبت کیسز کی شرح 3اعشاریہ سات ایک فیصد رہی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 71 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20  ہزار 850  ہو چکی ہے۔  گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا وائرس کے 1ہزار771نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 22 ہزار 824 ہوگئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ہزار 633 کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں3565021 ‘  کیسز 17 کروڑ 14 لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر جہاں ہلاکتیں609544، کیسز 3 کروڑ 40 لاکھ 43 ہزار سے بڑھ گئے۔ بھارت دوسرے نمبر پر جہاں ہلاکتیں329125، کیسز 80 لاکھ46 ہزار سے بڑھ گئے۔ برازیل میں 462000 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متاثرین کی تعداد1کروڑ 65لاکھ 15ہزار تک پہنچ گئی۔ فرانس میںکرونا سے ہلاکتیں 109402ہو گئیں اور کیسز 56لاکھ 66ہزار 113ہو گئے۔ ترکی میں 47405افراد جاں بحق ہو چکے اور کیسز 52لاکھ 42ہزار سے بڑھ گئے ۔روس میںکرونا سے اموات127781ہوگئیں۔ اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 1.9 فیصد رہ گئی۔  پاکستان میں تیار ویکسین ’’پاک ویک‘‘ کی آج لانچنگ کی جائے گی۔ ویکسین چین سے درآمد سائنو ویک کے خام مال سے تیار کی گئی ہے۔ وزارت قومی صحت کرونا وائرس کی حفاظتی ویکسین پاک ویک کو 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کیلئے لانچ کرے گی۔ میٹرک اور انٹر میٹرک امتحانات کے معاملے پر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج طلب کر لی گئی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اجلاس کی صدارت کریں گے۔ امتحانات سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس  کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں  میں 12 مریض انتقال کرگئے جبکہ 868  نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور1675 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11284 نمونوں کی جانچ کی گئی  جس کے نتیجے میں 868 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص  کی شرح کا 7.7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں  میں 12 مریض انتقال کرگئے  جس سے اموات کی مجموعی تعداد 5051 ہوگئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔سینو فارم ویکسین کی 5 لاکھ  خوراکوں پر مشتمل  کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق چین سے سینو فارم ویکسین کی 5لاکھ کی کھیپ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچی ہے۔ این سی اوسی کا مزید کہنا تھا کہ چین سے کرونا ویکسین کی مزید پانچ لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ 31مئی کو پاکستان بھر میں کرونا کی 3لاکھ 11ہزار 294خوراکیں لگائی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن