پی ڈی ایم میں واپسی،نہیں چاہتے،غربت ختم کرانے کے حکومتی دعوے غلط:بلاول

Jun 02, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) گپ شپ کیلئے نہیں بنائی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں پی پی پی کی سینٹ کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے ملاقات کی جس میں حکومتی بجٹ سے متعلق اپوزیشن کے لائحہ عمل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر بلاول کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم گپ شپ کیلئے نہیں بنائی تھی۔ ہماری  جماعت کے عہدیداروں نے پی ڈی ایم سے استعفے دیے۔  پی ڈی ایم میں واپسی کی خواہش کا اظہار بھی کبھی نہیں کیا تو ہم سے  کیوں واپس جانے کی بات کی جاتی ہے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو بالائے طاق رکھ کرآرڈیننس کے ذریعے ریاستی امور چلانا افسوسناک ہے۔ پیپلزپارٹی عوام دشمن بجٹ کی منظوری کی مخالفت کرے گی۔ جبکہ  تحریک انصاف کی حکومت کو آزاد کشمیر میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے۔ پاکستان میں 21 فیصد سے زائد شرح غربت معاشی ترقی کے دعووں کو غلط ثابت کررہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی معاشی بدحالی کو معاشی ترقی بنا دینے سے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی۔ عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو پاکستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا۔ ایسے میں فراڈ معاشی ترقی کی باتیں عوامی غم و غصے کو مزید بھڑکارہی ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ عمران خان کے سٹیٹس کو کو توڑا جائے۔ معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیا لیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی صحافی اسد طور کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ گئے۔ ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ فرحت اللہ بابر، رضا ربانی، فیصل کریم کنڈی، ناصر شاہ، مرتضی وہاب اور نذیر ڈھو بھی موجود تھے۔ انہون نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ اختلاف رائے پر آوازوں کو کچلنے کی کوششوں کے ہر عمل کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ صحافی اسد طور پر تشدد کے واقعے کی تحقیقات کے نتائج کو فی الفور سامنے لایا جائے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں زرداری ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سید نوید قمر، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی اور نوید اور دیگر راہنما شریک ہوئے۔ مشاورتی اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے کو پہلے بھی خورشید شاہ پی پی پی کی جانب سے دیکھ رہے تھے۔ خورشید شاہ اپنی رہائی کے بعد انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پی پی پی کی جانب سے معاملات کو دیکھیں گے۔

مزیدخبریں