اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اداروں پر الزامات ملکی مفاد میں نہیں۔ بعض لوگ بلاوجہ اداروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہیں اندازہ نہیں کہ پاکستان کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اس سے کیا نقصان پہنچتا ہے۔ پی ڈی ایم ختم ہوچکی۔ پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے۔ عمران خان کی حکومت نے کویت کیلئے ویزے بحال کرائے۔ منگل کو یہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب میں 30 لاکھ ملازمتوں کے مواقع ہیں جس میں سے 30 فیصد پاکستانیوں کو ملیں گی۔ غیر ملکی ترسیلات زر کا پاکستانی معیشت میں بڑا کردار ہے۔ 425 ڈاکٹرز اسی ہفتہ کویت چلے جائیں گے۔ کویت میں قید 52 پاکستانیوں میں سے 6 واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائمز کے 94 لاکھ کیسز تھے ، میرے دور میں 36ہزار رپورٹس ہیں جن میں سے 5 ہزار 355 انکوائریاں ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں 399 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امید ہے کہ اسد طور کے کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے۔ نادرا، ایف آئی اے اور پولیس مل کر تحقیقات کررہے ہیں۔ فنگر پرنٹس سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ اگر اس سے بھی ملزمان کی نشاندہی نہ ہوئی تو اشتہار دیں گے۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ حملہ کرنے والے پہلے بھی اس عمارت میں آئے تھے۔ ایک آدمی کی شناخت کے قریب ہیں۔ اس واقعہ کے ملزمان کو پکڑنا ضروری ہے کیونکہ بعض لوگ غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے حساس اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ملزمان کے پکڑے جانے سے ان کے منہ بند ہو جائیں گے جو اپنی کمپنی کی مشہوری کے لئے بلاوجہ اداروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سائبر ونگ کو جدید ترین آلات سے لیس کر رہے ہیں، انہیں نیا یونیفارم مہیا کریں گے، سٹاف کی کمی بھی دور کی جائے گی۔ نادرا کو بھی بہتر بنایاجا رہا ہے۔ اسد طور کے ملزمان پکڑے جانے سے میں نے کوئی ٹی وی پروگرام بند نہیں کرایا۔ حکومت کے لئے اسد طور حملے کے ملزمان پکڑنا اہمیت کا حامل ہے۔ صحافیوں پر حملوں کے واقعات سے حکومت پر سوالیہ نشان اٹھتا اور انسانی حقوق کا مسئلہ بھی بنتا ہے۔ بعض لوگ جن کا مقصد کچھ اور ہوتاہے وہ ایسے واقعات سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور اداروں پر الزام لگاتے ہیں۔ ایسے واقعات میں ملو ث افراد کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔ اس حوالے سے پالیسی بننی چاہیے۔ صحافیوں کو اسلام آباد میں پلاٹس الاٹ کئے جانے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ جن صحافیوں کو پہلے پلاٹ نہیں ملے انہیں پلاٹ دیئے جائیں گے اور صحافتی تنظیموں کے ذریعے یہ کام کیا جائے گا۔ ہم اس حوالے سے خود کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔ صحافتی تنظیمیں جو فیصلہ کریں گی اس کا اشتہار دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ نون میں سے شین نکلے گی، اسی طرح نکلتی ہے۔ پی ڈی ایم میں اب صرف فضل الرحمن اور نون لیگ رہ گئی ہے۔ دو پارٹیاں پی ڈی ایم میں ہیں، دو باہر ہیں اور اب یہ صرف میڈیا کی حد تک ہے۔
بعض لوگ غیر ملکی آقائوں کی خوشی کیلئے حسلس اداروں کو نشانہ بنا رہے،شیخ رشید
Jun 02, 2021