ابوظہبی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی براڈ کاسٹرز پر ابوظہبی کی وزارت صحت کے اعتراض کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کا شیڈول تاخیر کا شکار ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق شیڈول کا اعلان بھارتی براڈ کاسٹرز کی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ بھارتی براڈ کاسٹرز کا تنازع حل کیے بغیر ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کیلئے سخت پروٹوکولز تیار۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کی کوششوں سے تنازع کو حل کیا جارہا ہے۔ تاہم بھارتی براڈ کاسٹرز کو واپس لانے کیلئے پی ایس ایل انتظامیہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور بھارتی براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی کے ہوٹل سے نکال دیا گیا جس کے بعد انہیں دبئی روانہ کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات وزارت صحت نے یہ کہہ کر ہوٹل سے بے دخل کردیا کہ آپ یہاں نہیں رہ سکتے۔ راس الخیمہ میں لینڈ کرکے ابوظہبی پہنچنے والے براڈ کاسٹرز دو دن بعد دبئی بھیج دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ براڈ کاسٹرز ٹورنامنٹ کا اہم حصہ ہیں۔ ان کے بغیر پی ایس ایل کا انعقاد خطرے میں ہے۔ براڈ کاسٹرز 2 دن سے آئسولیشن میں تھے۔ اچانک ابوظہبی ہیلتھ منسٹری نے اعتراض کردیا۔
پی ایس ایل میں مزید تاخیر‘ بھارتی براڈکاسٹرزکو ابوظہبی سے نکال دیا گیا
Jun 02, 2021