کلر سیداں (نامہ نگار) انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم ایس ڈاکٹر علی سجاد قریشی سمیت میڈیکل آفسران اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ایم ایس ڈاکٹر علی سجاد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی پر سختی سے پابندی لگا کر ملک کے مستقبل کو صحت مند اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ سگریٹ نوشی نہ صرف ہماری صحت کو متاثر کرتی ہے بلکہ اس سے ہماری دماغی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ پینے سے جہاں سانس اور دل کی بیماریاں لگ سکتی ہیں وہاں پھیپھڑے اور بہت سے دوسری اقسام کے سرطان ہونے کے زیادہ امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔ سگریٹ کا دھواں ان لوگوں کیلئے بھی خطرناک ہے جو سگریٹ کو منہ نہیں لگاتے۔سگریٹ پینے والا شخص اور اس کے اطراف میں رہنے والے افراد خاص طور پر بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ڈاکٹر طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ کی لعنت سے جان چھڑانے کیلئے ادویات کیساتھ ساتھ متبادل غذائی علاج بھی ضروری ہے۔