ہدف کے حصول کیلئے موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی:یاسمین راشد

Jun 02, 2021

لاہو)سٹی رپورٹر)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں پنجاب حکومت نے صوبہ میں کرونا ویکسی نیشن تیز کرنے سے متعلق لائحہ عمل پر موثر عملدرآمد کیلئے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ٹاسک فورسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر ضلع کی ٹاسک فورس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹر کٹ ہیلتھ اتھارٹی، این سی او سی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندے بطور ممبران شامل ہونگے۔ تحصیل کی سطح پر بھی اسی قسم کی ٹاسک فورسز قائم کی جائیں گی۔  فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت کرونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ صحت کے سیکرٹریز،سی سی پی او لاہور، ڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشنز، اوراعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہدف کو پورا کرنے کیلئے موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے لودھراں، حافظ آباد، لیہ، مظفر گڑھ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز کو  ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔

مزیدخبریں