لاہور (نیٹ نیوز) بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے پشاور میں موجود گھروں کی ملکیت آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے نام منتقل کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے دونوں گھروں کے مالکان کے اعتراضات مستردکرتے ہوئے ایوارڈ کا اعلان کردیا اور دونوں مکانات کی ملکیت آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ کے نام کردی۔ پشاور میں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کے مالکان کو حتمی نوٹسز جاری کر دیئے۔ خیال رہے کہ سوا 6 مرلے پر مشتمل کپور حویلی ڈھکی منور شاہ میں واقع ہے جو پرتھوی راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروائی تھی جبکہ بھارتی فلم انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار محلہ خداداد کے گھر میں پیدا ہوئے تھے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ان دونوں کے مکانات کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حکومت اور گھروں کے موجودہ مالکان کے درمیان قیمتوں پر تنازع رہا ہے۔