مکرمی!قاضی پارک شاہدرہ ٹاؤن لاہور کے شہری وزیراعلیٰ کی توجہ کے منتظر ہیں، وائس چیئرمین واسا اورایم ڈی واسا کی توجہ قاضی پارک شاہدرہ ٹاؤن کے سیوریج سسٹم کی طرف دلانا چاہتا ہوں جو مکمل تباہ ہو چکا ہے،واسا انتظامیہ ڈرینج سسٹم کی بحالی کیلئے آج تک کوئی موثر انتظام نہیں کر سکی۔قاضی پارک شاہدرہ کی گلی نمبر ایک میں سیوریج پائپ لاٹن ٹوٹ چکی ہے جس کی وجہ سے آئے روز گٹر بند رہتے ہیں اور پانی گلیوں میں دوڑتا پھرتا ہے ۔سیوریج پائپ لائن ٹوٹ جانے کی وجہ سے بارشوں کے دنوں میں بارش ہونے کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک پانی کھڑا رہتا ہے اور گھروں سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ ڈیڑھ سال سے متعلقہ ایس ڈی او،ایکسین،ڈائریکٹر واسا کے نوٹس میں لانے کے باوجود مسئلہ کا کوئی حل نہیں ہو پارہا۔ہر بار ایک نیا سروے کروایا جاتا ہے اور جھوٹی تسلی دے دی جاتی ہے کہ اس بار آپ کا سیوریج پائپ نیا ڈال دیا جائے گا لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے بعد بھی آج تک نیا سیوریج پائپ نہیں ڈالا گیا۔سروے کے بعد واسا انتظامیہ کی طرف سے مختلف حیلے بہانوں سے ٹال دیا جاتا ہے اور بعد میں مکمل خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ وہ نوٹس لیں اور سیوریج کے نبا پائپ لائن ڈالنے کے احکامات جاری کریں۔
(عرفان عزیز گلی نمبر1قاضی پارک شاہدرہ ٹاؤن لاہور 0321-4319515)