فورس کمانڈرز کا اجلاس، تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کیخلاف کارروائی کی ہدایت 

Jun 02, 2021

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)فورس کمانڈرز کا اجلاس اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کواٹر میں منعقدہوا ،جس کی صدارت ڈائریکٹرجنرل اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کی۔ اجلاس میں اے این ایف کے علاقائی کمانڈروں اور سینئر سٹاف افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے ادارے کے تمام شعبہ جات کی کارگردگی کو سراہا ۔ کانفرنس کے دوران انسداد منشیات کی کاروائیوں، بین الاقوامی معاہدے، منشیات کی رسد اور طلب میں کمی لانے کے پروگراموں اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ سے متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران، مصنوعی طریقے سے تیار کی گئی منشیات کی صورت ِحال اور اس کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کا بغور جائزہ لیا گیا۔انھوں نے ملک میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان، خصوصاََ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ۔ ڈی جی اے این ایف  نے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائیوں کی ہدایت کی۔انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث اسمگلروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے پر زور دیا۔ مزید برآں ڈی جی اے این ایف نے منشیات کے جرائم میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے جاری ملک گیر مہم کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ڈائریکٹرجنرل اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے جاری اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ذرائع ترسیل کی گرفتاری پر خصوصی زور دیا۔ دوران اجلاس، نفاد قانون، انٹیلی جنس،فورس کا ڈسپلن ، اثاثہ جات کی تفتیش، پیروی مقدمات و قانونی چارہ جوئی، منشیات کے خلاف عوامی سطح پر شعور بیدار کرنے، انفرسٹرکچر اور محکمانہ صلاحیت میں اضافے جیسے پہلو زیر بحث لائے گئے۔ علاوہ ازیں، مستقبل کے اہداف مقرر کئے گئے اور نئے اقدمات عمل میں لانے اور محکمانہ استعداد بڑھانے کے منصوبوںپر خصوصی طور پر غور کیا گیا۔

مزیدخبریں