کراچی (کامرس ڈیسک ) دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں براڈ بینڈ اور کنکٹویٹی معاشی ترقی کا انجن بن رہے ہیں۔ یہ اہم پہلو فیس بک، انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آئیسپاک) اور ٹیلی کام انفرا پروجیکٹ (ٹی آئی پی) کے زیر اہتمام منعقدہ ویبنار بعنوان انکلوسز ڈیجیٹل اکانومی کے لئے اربن کنکٹویٹی سلوشنز میں سامنے آیا۔ اس پروگرام میں انڈسٹری کے ملکی و بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے دوران شرکاء نے ملک کے شہری علاقوں میں تیز رفتار کنکٹویٹی کی فراہمی بشمول فیس بک کی جانب سے خطے میں فائبر کے نظام میں بہتری لانے کے لئے سرمایہ کاری سے متعلق مواقع اور چیلنجز پر اظہار خیال کیا۔اس ویبنار میں کنکٹویٹی کے پالیسی اہداف کے چیلنجز، تیزرفتار فائبر براڈ بینڈ نیٹ ورک تعمیر کرنے کی اہمیت اور اسکی موجودگی، اور ایشیائی ریجن سے حاصل اسباق کے ساتھ شہری علاقوں میں جدت انگیز طریقوں سے انٹرنیٹ کنکٹویٹی اور ٹیکنالوجی سہولیات کو قبول کرنے کے مواقع شامل ہیں۔ اس ویبنار کے پینل شرکاء میں جاز، ٹیلی نار پاکستان، پی ٹی سی ایل، نیا ٹیل، جی ایس ایم اے، عالمی بینک، ٹیل کام یونیورسٹی انڈونیشیا، ٹیلی کام انفرا پروجیکٹ اور ورلڈ لنک نیپال کے نمائندے شامل تھے۔ اپنے اہم خطاب میں انٹرنیشنل آئی سی ٹی کنسلٹنٹ پرویز اختر نے کہا، "کنکٹویٹی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی راہ ہموار کررہی ہے۔ کم لاگت، تیزرفتار اور قابل بھروسہ ڈیجیٹل کنکٹویٹی ایک ضرورت ہے۔ فائبر براڈ بینڈ کی سہولیات اہمیت اختیار کریں گی اور ہم فیس بک کی اس معانت پر مشکور ہیں جس کی جانب سے توسیع کی گئی ہے۔ آج آئیڈیاز کا تبادلہ ہوا اور ان آئیڈیاز کی بدولت چھوٹے شہروں میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے مزید جامع انداز سے کنکٹویٹی کو ایک قدم مزید آگے لیکر جایا جائے گا۔