امریکا چند دنوں میں بگرام ائیربیس افغان فورسزکے حوالے کردیگا

 امریکی فوج نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا کا تقریبا نصف کام مکمل ہو گیا، بگرام ائیر بیس آئندہ 20 دنوں میں افغان فورسز کے حوالے کر دیا جائے گا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق افغانستان سے 31 مئی تک امریکی فوج کے انخلا کا 44 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک اتنا سامان افغانستان سے واپس بھجوایا جا چکا ہے جنتا کہ 300 سی 17 فوجی طیاروں پر لادا جا سکتا ہے، ڈیفنس لاجسٹکس ایجنسی کے پاس تیرہ ہزار آلات کے پرزے لائے گئے ہیں تاکہ ان کو تلف کیا جا سکے، 6 فوجی تنصیبات افغان وزارت ِ دفاع کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اب تک چھ فوجی تنصیبات افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کی جا چکی ہیں، آئندہ ہفتوں میں مزید فوجی اڈے افغان فورسز کو سونپ دیئے جائیں گے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق فوجی اثاثے افغان نیشنل ڈیفنس کے حوالے کئے جائیں گے، جو اپنے ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم ایئر بیس کی حوالگی کی حتمی تاریخ کے بارے میں انہوں نے کچھ نہیں کہا۔بگرام ایئربیس امریکی اور نیٹو افواج کے زیر استعمال رہنے والا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، بگرام ایئربیس انیس سو اسی کی دہائی میں سابق سویت یونین نے تعمیر کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن