سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بدھ کو پیکو کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تاجکستان ایوان نمائندگان کے اسپیکر زوکر ذودہ محمد طاہر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پیکو کانفرنس کے کرادر کو فعال بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان ثقافت، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں
۔پیکو کانفرنس ممبر ممالک میں باہمی تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔پاکستان میں پیکو کانفرنس کا انعقاد رکن ممالک کے مابین تعلقات بڑھانے اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔پاکستان کشمیری اور فلسطینی عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔تاجکستان کے سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی وفد کے پرتپاک استقبال پر پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کا مشکور ہوں۔
پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ تاجک سپیکر نے کہا کہ خطے کے ممالک میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پیکو ممالک کے مابین مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کو مزید فعال بنانےکی ضرورت ہے۔