اسلام آباد+ شیخوپورہ+ علی پورچٹھہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں بجلی کا بحران جاری ہے، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 700میگاواٹ ہے۔ مختلف علاقوں میں 12سے 15گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، لاہور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ لاہور، شیخوپورہ، علی پور چٹھہ سمیت کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی آنکھ مچولی سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کسان، تاجر اور صنعت کار بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 700میگاواٹ ہے، جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19ہزار 525میگاواٹ جبکہ طلب 26ہزار میگاواٹ ہے۔ لاہور میں لیسکو کا شارٹ فال12 سو میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو سیخ پا کر دیا۔ لاہور میں بجلی کی طلب5050 میگا واٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ علاوہ ازیںشیخوپورہ شہر او ر گردونواح میں بجلی کے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ ادھر علی پور چٹھہ شہر و گردونواح ورپال، سوہدرہ، احمد نگر، رسولنگر، جامکے چٹھہ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی بار بار بندش نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں۔ علی پورچٹھہ اور ملحق علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ سے عوام کو اذیت کا شکار ہیں۔ جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام اذیت کا شکار ہیں، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ بجلی کی بندش نے ہر کام سے جڑے مزدوروں، تاجروں اور صنعتکاروں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ مزدوروں، تاجروں اور صنعتکاروں نے وزیر اعظم سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی اپیل کردی۔