اسلام آباد (وقائع نگار) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھ پر موجودہ حکومت نے مقدمہ بنا کر خاص مہربانی کی ہے۔ سیاسی انتقام لینے کے لیے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں، قانون کا احترام ہمیشہ کیا اور آگے بھی کریں گے۔ بیک ڈور مذاکرات کی بات درست نہیں، تردید کرتا ہوں، موجودہ حکومت ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس میں 40 روپے مزید پٹرولیم مصنوعات پر قیمتیں بڑھائی جائیں گی، حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں ہے۔ پاکستان آئندہ دنوں میں مزید معاشی بحران کا شکار ہوگا۔ اگر آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہیں کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جائے گا۔ واحد حل انتخابات ہیں جس میں عوام کا مینڈیٹ ہو، عمران خان جلد اسلام آباد آئیں گے۔ مشاورت جاری ہے۔
حکومت نے مجھ پر مقدمہ بنا کر خاص مہربانی کی: شاہ محمود قریشی
Jun 02, 2022