7 ٹن سامان لے کر طیارہ پولینڈ پہنچا‘ جذبہ خیرسگالی دوسرے ممالک کیلئے مثال: حکام‘ روس نے جرمنی‘ ہالینڈ‘ ڈنمارک کو گیس سپلائی بند کر دی


برسلز‘ ماسکو‘ اسلام آباد (شہنوا+آئی این پی + نیوز ڈیسک + این این آئی) روس نے روبل میں ادائیگی سے انکار پر جرمنی، ہالینڈ اور ڈنمارک کو گیس سپلائی بند کر دی۔ روس کی  سرکاری گیس کمپنی گیز پروم کا کہنا ہے کہ اب صرف ان ممالک کو ہی گیس سپلائی کی جائے گی جو روس کو روبل میں ادائیگی کریں گے۔ دوسری طرف جاپان کا کہنا ہے کہ وہ اقتصادی پابندیوں کے باوجود روس کے ساتھ  توانائی کے شعبہ میں تعاون جاری رکھے گا۔ کوئی ہمیں کہے بھی تو ہم اس منصوبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ اوپیک نے روس کو تیل کی پیداوار کے معاہدے سے معطل کرنے پر غور شروع کر دیا۔ یوکرائن کے عوام کیلئے پاکستان سے خیرسگالی کے تحت بھیجی امداد  کی دوسری کھیپ پولینڈ پہنچ گئی۔ ساڑھے 7 ٹن امدادی سامان سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے پولینڈ پہنچایا گیا۔ یوکرائنی حکام نے کہا کہ پاکستان کا جذبہ خیرسگالی دوسرے ملکوں کے لئے مثال ہے۔ یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرائن کو 9ارب یورو کی امداد دی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین نے روس پر معاشی پابندیوں کو وسعت دیتے ہوئے اس کے90  فیصد خام تیل کی درآمدات پر پابندی لگانے کی تیاری کر لی ہے جبکہ روس کے اہم بنک کوسوئفٹ فنانشل سسٹم سے بھی نکالا جائے گا۔ یورپی یونین کے رکن ممالک کے برسلز میں جاری اجلاس کے دوران ہنگری کے ساتھ سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔ امریکہ نے یوکرائن کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ روسی حملوں کا مقابلہ کر کے اسے مذاکرات کے لئے رضامند کیا جا سکے۔ صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرائن کو میدان جنگ میں ہدف کو نشانہ بنانے کے لئے جدید راکٹ سسٹم اور آتشیں اسلحہ فراہم کریں گے تاکہ روس کو جنگ کے خاتمے کے لئے مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔ وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا یہ میزائل سے روس کی سرزمین میں کسی ہدف کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال نہیں ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن