لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر حارث عتیق کی سربراہی میں 13رکنی وفد آج تاریخی نمائش ذوق ہنر ٹو میں شرکت کیلئے لندن روانہ ہوگیا۔ یہ نمائش لاہور چیمبر اور روایت لائف سٹائل کے اشتراک سے چار اور پانچ جون کو لندن میں منعقد ہورہی ہے۔ یہ باتیں لاہور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائیں۔ روایت لائف سٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدنان انصاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ایونٹ ہے جو پاکستان کی ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے نئے دروازے کھولے گا۔ نائب صدر حار ث عتیق نے کہا کہ نمائش ذوق ہنر لاہور چیمبر کی سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی جارہی ہے، اس سے پاکستان کی فیشن انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر نام کمانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری صلاحیتوں سے مالامال اور ملکی معیشت کیلئے اربوں ڈالر کمانے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد کیلئے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن اور روایت لائف سٹائل کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔