لاہور/ اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کریگا حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ پنجاب بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔ حمزہ شہباز غیر قانونی طریقے سے وزیراعلیٰ بنے ہیں، حمزہ شہباز کا مقدمہ روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہئے۔ سپیکر ری الیکشن کا آرڈر کریں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہیں رہے، پنجاب کے لوگوں کو آئینی حق سے محرروم نہ کیا جائے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔ چیف جسٹس کیس ایسے سن رہے ہیں جیسے جائیداد کا سول کیس ہو یہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کا جلد فیصلہ ہونا چاہیے، اس کیس کو دن رات سن کر فیصلہ ہونا چاہیے تھا ،سپریم کورٹ کا جب فیصلہ آ چکا ہے تو پھر ہائیکورٹ اس پر مزید کارروائی نہیں کرسکتی، ایک پارٹی کو فوری انصاف فراہم کیا جاتا ہے اور دوسری پارٹی کو تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے۔ عہدوں پر بیٹھے افسران آئین اور قانون کے مطابق فرائض انجام دیں۔
فواد چودھری