رانا ثناء پر مقدمے کا حکم ملک فسادی جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے وزیر داخلہ

Jun 02, 2022

اسلام آباد‘ لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ)  تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وکلاء پر تشدد کیس میں ایڈیشنل سیشن جج میں مدثر بودلہ نے رانا ثناء اللہ سمیت پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ تحریک انصاف کے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران وکلاء پر  تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر حیدر نامی شخص نے لاہور ہائی  کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ لانگ مارچ کے دوران پولیس نے وکلا کو رانا ثناء اللہ کے ایما پر تشدد کا نشانہ بنایا، عدالت وزیرداخلہ سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے لانگ مارچ کے دوران وکلاء پر تشدد کرنے کے خلاف درخواست پر رانا ثناء اللہ سمیت پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے، ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جاسکتا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد  کار بڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود، آئی جی پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر، چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مزید مالی، تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی تنخواہیں اور الاؤنسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پولیس کے شہداء پیکیج کے ایک ارب کے بقایا جات فی الفور ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ رانا ثناء نے مزید کہا کہ دارالحکومت کی فول پروف سکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر اسلام آباد سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور امن و امان کو یقینی بنانے کے ساتھ سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے بھی اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو 100 فیصد کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے فسادی مارچ کے شرپسندوں کی پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر تشدد اور حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ پیشہ ورانہ طریقے سے ہینڈل کرنے پر اور امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پولیس، رینجرز اور ایف سی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
رانا ثناء 

مزیدخبریں