سی ڈی اے کی ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ،اعلیٰ افسران کی شرکت 

Jun 02, 2022

اسلام آباد(وقائع نگار) سی ڈی اے کی ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی کا اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں گذشتہ روز منعقد ہوا۔ جس میں اتھارٹی کے پلاننگ ونگ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں مختلف کمرشل عمارتوں کے بلڈنگ پلانز منظوری کے لئے پیش کئے گئے۔اجلاس میں 7 کمرشل پلاٹوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی فائیو میں واقع ڈپلومیٹک انکلیو کے پلاٹ نمبر سترہ کے بلڈنگ پلان اور نقشے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح سیکٹر ایف ٹین مرکز میں پلاٹ نمبر 6 سی میں بھی ایک پلاٹ کے بلڈنگ پلان کی منظوری دی گئی۔ جبکہ سیکٹر ایف نائن اور جی نائن سے ملحقہ بلیو ایریا میں پلاٹ نمبر ایک کے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ اسی طرح ایف سکس اور جی سکس سے ملحقہ بلیو ایریا کے علاقے میں پلاٹ نمبر 59 کے نقشے کی منظوری اور بلڈنگ 
پلان کی بھی منظوری اجلاس میں دی گئی۔اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون فور میں پلاٹ نمبر 64 کے بلڈنگ پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ اسی طرح سیکٹر جی الیون تھری میں مسجد حدیقتہ الہدی کی تعمیر کے لئے پلاٹ نمبر 11 کے بلڈنگ پلان اور نقشے کی منظوری بھی دی گئی۔ اسی طرح گلبرگ گرین کے علاقے میں پلاٹ نمبر 578 بلاک بی میں سکول کی تعمیر کے لئے بلڈنگ پلان کے نقشے کی منظوری بھی دی گئی۔جبکہ سیکٹر جی نائن سے ملحقہ بلیو ایریا کے علاقے میں پلاٹ نمبر 15 کے نقشے کی منظوری کو آرکٹیکٹ کے اجلاس میں نہ ہونے کی وجہ سے مؤخر کردیا گیا۔


 

مزیدخبریں