اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ قومی شاہرات پر مسافروں کو ٹینشن فری سفر میں مدد فراہم کرنا موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس موثر پولیسنگ اور گشت کے ذریعے مسافروں کے لئے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں اور موٹر وے پر محفوظ سفر کو فروغ دینا ان کا مشن ہے، ٹریفک قوانین کے موثر نفاذ کے ذریعے سڑک استعمال کرنے والوں کو شائستگی، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی ترین معیارات کا اطلاق کرنا اور صارفین کو بروقت اور معاونت فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر برائے مواصلات اسعد محمود اور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کی خصوصی ہدایت پر موٹروے پولیس نے تمام شاہراہوں اور موٹر ویز پر عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے موٹر وے رسائی اور گشت کو مزید تیز کر دیا ہے۔
موٹر ویز پولیس محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہی ،ترجمان
Jun 02, 2022