لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 8 وکٹوں سے جیت کر آئی سی سی رینکنگ چیمپئین شپ میں 2 قیمتی پوائنٹس اپنے نام کرلیے۔آئی سی سی رینکنگ چیمپئن شپ کا حصہ ویمنز انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی کے لیے 170 رنز کا آسان ہدف 2 وکٹیں کھو کر41.5 اوورز میں حاصل کرلیا، 25 رنز کے سکور پر اوپنر منیبہ علی کے 14 رنز بناکر آوٹ ہونے کے بعد کپتان 30 سالہ بسمعہ معروف اور ان کی ہم عمر سدرا مین نے ہدف کے تعاقب میں دوسری وکٹ کی شراکت میں 143 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح کے دھانے پر پہنچایا۔41 ویں اوور کی پہلی گیند پر آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں 53 ویں پوزیشن کی حامل سدرا امین اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں، انہوں نے 118 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، بہترین فارم کا مظاہرہ کرنے والی قومی ویمن کپتان بسمعہ معروف نے 101 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز بنائے جن میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.5 اوورز ہی میں 169 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔وکٹ کیپر بیٹرکویشا دلہاری نے49 رنز کی ناقابل شکست مزاحمتی اننگ کھیلی اور50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا، پرسادینی ویراک کوڈے 30،کپتان چماری اتا پو25اور نلاکشی 16 رنز جوڑنے میں کامیاب رہیں۔ ہاسینی پریرا اور ہانسیماکا رتنائے نے 12،12 جبکہ انوکا رانا ویرا نے 10 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اپنا چھٹا ویمن ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی 27 سالہ رائٹ آرم لیگ بریک بولر غلام فاطمہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے21 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے 24 اور سلو لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ اقبال نے 2،2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا، ڈائنا بیگ اور ندا ڈار کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکیں۔دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائیگا۔