پلاٹ الاٹمنٹ سے متعلق فیصلے کیخلاف اپیل پرسماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے ججز اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پرسماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ۔ عدالت عظمی  نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ بدھ کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ پر سماعت کی ۔ دوران سماعت درخوستگزرا ملازمین کے  وکیل حافظ احسان نے موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزکورہ کیس میں از خود نوٹس لیکر  فیصلہ دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس فیصلہ دینے کا اختیار ہی نہیں تھا،عدالت عالیہ  نے الاٹیز کو نوٹس کیے بغیر فیصلہ سنایا،ہائیکورٹ کے فیصلے سے ہزاروں ملازمین متاثر ہوئے،میرے موکلان پلاٹوں کیلئے رقم ادا کر چکے ہیں۔ جس پر عدالت نے آبزرویشن دی کہ دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر کے موقف سن لیتے ہیں ۔ عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے معاملہ پر سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ فیڈرل ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن نے ججز اور بیورو کریٹس کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ غیر آئینی قرار دینے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن