جیل چورنگی سپر مارکیٹ میں آتشزدگی‘ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کا دورہ

کراچی (نیوز رپورٹر)  ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بدھ کے روز شہید ملت روڈ جیل چورنگی پر سپر اسٹور میں لگنے والی آگ کی جگہ کا دورہ کیا اور موقع پر ہی فائر بریگیڈ ، ریسکیو یونٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ طارق ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان اور محکمہ فائربریگیڈ کے افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن عمارت میں مسلسل نکلنے والے دھوئیں کے سبب مسائل کا سامنا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ فائربریگیڈ کا عملہ مسلسل یہاں موجود رہے گا جب تک مکمل طور پر حالات قابو میں نہ آجائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بیسمنٹ میں لگنے والی آگ پر اگر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو بڑا جانی و مالی نقصان ہوسکتا تھا، انہوں نے کہا کہ یہاں 1122 کی ایمبولینس سروس موجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عمارت میں مقیم اور علاقے کے لوگ مکمل تعاون کر رہے ہیںاور امید ہے کہ جلد حالات پر قابو پالیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا اور عمارت کے مکینوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ فائربریگیڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمارے فائر فائٹرز اپنی جانوں پر کھیل پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہیں جو ڈیوٹی کے فرائض کے ساتھ ساتھ خدمت خلق بھی ہے۔
مرتضیٰ وہاب

ای پیپر دی نیشن