کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام "ساتویں انٹرڈویژنل ویمنز سافٹ بال چیمپیئن شپ" 3 تا 5 جون پبلک اسکول حیدرآباد میں کھیلی جائے گی چیمپیئن شپ میں کراچی، سکھر،میرپورخاص،لاڑکانہ،بینظیرآباداور میزبان حیدرآباد کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ چیمپئین شپ میں شریک ٹیموں کی کٹس کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر اور سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید افضل زیدی نے کہا کہ ہما ری بھرپور کوشش ہے کہ سافٹ بال کے کھیل کو سندھ کے ہر شہراور ڈسٹرکٹ میں یکساں فروغ دیا جائے تاکہ سندھ کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں اس موقع پر سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم، کومبیکس اسپورٹس کے جنرل مینیجر زبیرماچا، فروٹ نیشن کے ڈائریکٹر فیصل خان،سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سید وسیم ہاشمی،سیکریٹری محمد ذیشان مرچنٹ ودیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔ سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سید وسیم ہاشمی نے کہا کہ ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کیلئے جلد کراچی میں ایک کوچنگ کیمپ لگایا جائے گا۔ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی محمد ذیشان مرچنٹ کاکہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح مذکورہ ایونٹ کو شاندار انداز میں آرگنائز کرانا ہے۔