کراچی (نیوز رپورٹر) پولیس نے پریس کلب کے سامنے آپریشن کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد اساتذہ گرفتار کرلیا ، اساتذہ کی گرفتاریوں کی وجہ سے آرٹلری میدان تھانے میں جگہ کم پڑ گئی۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پانچ سے زائد افراد پر جمع ہونے پہ پابندی ہے، جس کی وجہ سے اساتذہ کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں منتقل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ زینب مارکیٹ میں اساتذہ کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا ، مشکوک افراد سے شناختی کارڈ اور آفس کارڈ چیک کیا گیا۔ پولیس نے پریس کلب اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ، زینب مارکیٹ چوراہے سے 40 اساتذہ کو گرفتارکرلیاگیا ، گرفتار ہونے والوں میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں، اساتذہ کی گرفتاری کیلئے مختلف تھانوں سے پولیس کی نفری بھی طلب کی گئی۔ اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ دو ہزار تیرہ میں ٹیسٹ پاس کیا تھا لیکن انھیں مستقل نہیں کیا گیا جبکہ کراچی میں دفعہ 144 نافذ ہے۔