بھارت واضح کرے جوہری ہتھیار، میزائل ڈیفنس سسٹم محفوظ ہیں یا نہیں : پاکستان 

Jun 02, 2023


اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ براہموس میزائل مس فائر معاملے پر پاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔ بھارت کو واضح کرنا ہوگا کہ اس کے جوہری ہتھیار، میزائل ڈیفنس سسٹم محفوظ ہیں یا نہیں؟ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے براہموس میزائل مس فائر معاملے پر پاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت سے براہموس میزائل مس فائر کی تحقیقات کی رپورٹ طلب کی تھی، براہموس میزائل مس فائر معاملے پر بھارت کو مشترکہ تحقیقات کے لئے بھی کہا، ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ عالمی برادری سے بھی انتہائی خطرناک واقعے پر بھارت سے جواب طلبی کا مطالبہ کیا۔ بھارت کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ اس کے جوہری ہتھیار، میزائل ڈیفنس سسٹم محفوظ ہیں یا نہیں؟ جبکہ پاکستان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنما جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے بھارت کے تازہ ترین اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہمیں ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے بھارت کے تازہ ترین اقدام پر گہری تشویش ہے۔ پچھلے سال یاسین ملک کو ایک متنازعہ مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس مقدمے میں یاسین ملک پر من گھڑت الزامات لگائے گئے اور ان کے خلاف منصفانہ ٹرائل سے انکار کیا گیا تھا۔ محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت کے باوجود انہیں بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر انسانی حالات میں رکھا گیا ہے۔ یاسین ملک کو خاندان کے افراد اور وکلاءتک رسائی سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ معیاری علاج معالجے سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ یاسین ملک کے مقدمے کے اس فریب کو ختم کریں۔ اسے معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جائے اور اسے اپنے لوگوں اور خاندان کے درمیان آزادانہ طور پر رہنے دیا جانا چاہیے۔ بھارت کو کشمیری قیادت اور انسانی حقوق کے محافظوں کو بھی فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرنا چاہیے۔ جنہیں مقبوضہ کشمیر اور بھارت بھر کی جیلوں میں بلا جواز رکھا گیا ہے۔
دفتر خارجہ

مزیدخبریں