مشکل وقت نکل گیا، گھبرانا نہیں، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا: اسحاق ڈار 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے سخت فیصلوں کے ذریعے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ میرا ایمان ہے پاکستان نے ٹیک آف کرنا ہے۔ دو، تین ماہ سے صبح و شام ڈیفالٹ، ڈیفالٹ کا تماشا لگایا ہوا تھا، ہم مشکل پیریڈ سے نکل گئے ہیں، گھبرانا نہیں ہے ملک بھنور سے نکل آئے گا۔ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے اسلام آباد انڈسٹریل ایسو سی ایشن کے وفد نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں آئی آئی اے کے سینئر نائب صدر کریم عزیز ملک، نائب صدر عثمان شوکت، شیخ عامر وحید اور دیگر اراکین شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ملک کی معیشت میں تجارتی شعبہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ آنے والے بجٹ میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز جیسے شعبوں کو ترقی دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے وقت تاجر برادری کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو ہمیشہ انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ایک بزنس فرینڈلی بجٹ پیش کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے اراکین نے ملاقات میں وفاقی دارالحکومت میں بزنسز کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک چھوٹا شہر ہونے کے باوجود اسلام آباد ملک کی معیشت میں اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے اور یہ تیزی سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنتاجا رہا ہے۔ مزید برآں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوامی جمہوریہ چین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان چین اور یواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیرخزانہ نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں چینی سفارتخانہ کی قائم مقام ناظم الامور باو¿ زونگ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چین کی قائم مقام ناظم الامور سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے، دیرینہ اور دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور معاونت کو سراہا۔ انہوں نے چین کی قائم مقام ناظم الامور کو ملک کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار

ای پیپر دی نیشن