اومان،ا سلام آباد( نوائے وقت رپورٹ،این این آئی) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن پہنچ گئے جہاںوزیر خارجہ ایمن سفادی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر داری پانچ سے سات جون تک عراق کا دورہ کرینگے ۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے شاہی خاندان کی دعوت پر ولی عہد حسین کی شادی میں شرکت کے لیے اردن میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اردن کے دورے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عراق کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی دعوت پر 5 سے 7 جون تک عراق کا دورہ کریں گے۔ یہ وزیر خارجہ کا عراق کا پہلا دورہ ہوگا، دورے کے دوران وزیر خارجہ عراقی قیادت سے ملاقات کریں گے،عراقی ہم منصب سے ملاقات میں فریقین مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور دوطرفہ تعاون کی راہیں تلاش کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے کربلا میں زائرین کے سینٹر کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے اور سفارتخانے کے کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیر خارجہ کے دورہ عراق کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے، ثقافتی تعاون اور ویزا کی سہولت سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہے۔