اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے 9 مئی کے واقعات پر ایک بار پھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی 9 مئی کے واقعات میں اپنے قصور وار ہونے سے توجہ ہٹانے کے لیے گمراہ کن الزامات لگا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کو بدنام کرنے کی تازہ چال پر کوئی غلطی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی نئی حرکات پر مجھے کوئی حیرانی نہیں ہے، جو شخص ریاستی اداروں کے خلاف گندی زبان استعمال کر سکتا ہے اور حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کو بدنام کرنے کی کوششوں کے پیچھے عمران خان کی بدنیتی چھپی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو لوگوں کو تشدد پر اکسا سکتا ہے، ریاستی علامتوں، فوجی تنصیبات پر حملہ کر سکتا ہے اور شہداءکی یادگاروں کو گرا سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، ایسا شخص صرف نفرت، تقسیم اور جھوٹ پھیلاتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے صنعتوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے، پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی پیداوار سے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹویوٹا ایشیا کے صدر یوشیکی کونیشی اور انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوہیرو وادا، وائس چیئرمین ٹویوٹا انڈس موٹرز شن جی یناجی، وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان کو اپنی ترقی اور خوشحالی کے ایک اہم شراکت دار کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹویوٹا کی مقامی سطح پر ہائبرڈ گاڑیوں کی پیداوار خوش آئند ہے، پاکستان کی انجینئرنگ کے شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھا کر سپیئر پارٹس کی برآمدات کو بڑھایا جائے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں پہلی مرتبہ ہائیبرڈ گاڑیوں کا یونٹ قائم کیا ہے جو جلد پیداوار شروع کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ آٹو سپیئر پارٹس کی برآمد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ جاپانی سفیر نے وزیراعظم کو جاپان کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی سے آگاہ کیا جس کا وزیراعظم نے خیرمقدم کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کی روک تھام اور 15 جولائی تک تمباکو کے تمام کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔۔ وزیرِ اعظم نے ملک میں سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی فروخت کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تمباکو کی غیر قانونی فروخت کی مکمل روک تھام کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری والے سیگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کیلئے زراعت میں جدت لانے کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، حکومت آئندہ بجٹ میں معیاری بیج، ٹیوب ویلز کی سولرآئزیشن اور مشینری کی فراہمی کیلئے وسائل مختص کر رہی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ طارق بشیر چیمہ نے وزیرِاعظم کو کسان پیکیج پر پیشرفت اور آئندہ فصلوں کے حوالے سے وزارت کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم سے ارکانِ قومی اسمبلی علی موسی گیلانی، ریاض الحق اور خالد جاوید وڑائچ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔