آٹے سمیت کئی اشیا سستی، عمران نے 9 مئی کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال دی : مریم اورنگزیب 

Jun 02, 2023

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی، اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم نے ایک سال میں تعمیر اور تخریب کے دو مائنڈ سیٹ دیکھے، تعمیری ذہن نے قوم کی خدمت کی جبکہ تخریبی ذہن نے 9 مئی کو تباہی کی، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال کے دوران معاشی استحکام کے بیج بوئے جن کا نتیجہ عوامی ریلیف کی صورت میں نظر آ رہا ہے، دوسری طرف ایک سال میں نفرت، انتشار، فساد اور مسلح جتھوں کی تربیت کے بیج بوئے گئے جس کا نتیجہ 9 مئی کا سانحہ ہے، معیشت سوئچ آن یا آف بٹن نہیں، اس کے لئے مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے، موجودہ حکومت نے ایک سال میں 15.3 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے اور 3513 ارب روپے کے اندرونی قرضے ادا کئے، ڈالر کی قیمت میں 27 روپے کی ریکارڈ کمی تعمیری ذہن کی محنت اور معاشی بہتری کے اقدامات کا نتیجہ ہے، اس سال 2 کروڑ 72 لاکھ ٹن گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، 15 دنوں میں پٹرول 20 روپے اور ڈیزل 35 روپے سستا ہوا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت کی ایک سالہ پالیسیوں اور ترجیحات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، آج پٹرول، ڈالر اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لئے ایل پی جی کا سلنڈر 2759 روپے سے کم ہو کر 2321 روپے کا ہو گیا ہے، اس میں 438 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 1686 روپے کی کمی ہوئی، 10619 روپے والا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 8933 روپے کا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 60 سے 70 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے، آٹا اور گندم کی قیمت میں بھی 35 روپے سے 40 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 دنوں میں پٹرول کی قیمتوں میں 20 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے کی کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے درست پالیسی اقدامات کی بدولت ان چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی پینک ختم ہونے کے بعد اچھے نتائج آنا شروع ہو گئے ، اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے، ہم چاہتے ہیں آج آٹا 35 روپے اور چینی 52 روپے کلو ملے۔ حکومت کی اولین ترجیح سیاسی اور معاشی استحکام ہے، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی، سوئچ آن آف کر کے معیشت کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، گزشتہ حکومت معیشت کا بیڑہ غرق کر کے گئی، ان کی نااہلی کے اثرات ہمیں ورثے میں ملے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں اور پارٹی رہنماو¿ں کے دل اور ذہن نفرت کے زہر سے بھر کر سانحہ 9 مئی کرایا، اب جھوٹ بول رہا ہے کہ وہ اس کے ذمہ دارنہیں، یہ وہ شخص ہے جس نے آئین، قانون، صداقت اور امانت کی ہر لکیر پارکی۔ جمعرات کو عمران خان کے انٹرویو پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیراطلاعات نے عمران خان کے انٹرویو کے جملے " مجھے جیل میں ڈالیں گے تو ردعمل تو ہونا تھا" ، دوسرے جملے "یہ سب ورکروں اور پارٹی رہنماو¿ں نے کیا ہے" کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ انٹرویو نہیں، دوغلے اور جھوٹے کردار کی شخصیت کا آئینہ اور اصل چہرہ ہے، یہ ان سب کے لئے سبق ہے جو گمراہ کی گمراہی اور فریب کا شکار ہوئے، ہر غلط کام خود کیا، ہر بار پکڑے جانے پر الزام دوسروں کو دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ "ون پیج" سے "میں تو بے اختیار تھا"،"امریکا نے میری حکومت گرائی" سے "محسن نقوی نے میری حکومت گرائی" تک کے جھوٹ گھڑنے والے شخص نے اب 9 مئی کا ملبہ بھی آخر کار اپنے کارکنوں اور پارٹی رہنماو¿ں پر ڈال دیا ہے۔

مزیدخبریں