مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشت گردی جاری، ایک نوجوان شہید، 5گرفتار 

سرینگر، جموں( کے پی آئی) بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے سانبہ ضلع میں ایک شخص کو درانداز قرار دے کر گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔ بی ایس ایف ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ بی ایس ایف نے سانبہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تلاشی مہم کے دوران ایک درانداز کو گولی مار دی۔ جبکہ بھارتی فورسز نے پونچھ اور بارہ مولا اضلاع میں محاصرے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تین نوجوانوں کو پونچھ ضلع کے گلپور سیکٹر میں محاصرے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیاگیا جبکہ دو نوجوانوں کو شمالی کشمیر کے بارہ مولا ضلع کے کریری علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کریری سے گرفتار ہونے والے عسکریت پسند ہیں۔ دوسری جانب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سری نگر، پونچھ اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے علاقے بٹہ مالو میں بی جے پی حکومت کی جانب سے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے نام پر کشمیریوں کو لوٹنے کے مذموم اقدام کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ پیپلز ڈیمو کریکٹ پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت عصمت دری میں ملوث مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بات بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن سنگھ کی حمایت میں بھارتیہ جنتا پارٹی والوں کی ریلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔

ای پیپر دی نیشن