اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

اومان(نیٹ نیوز) اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ دوم دوستوں اور رشتہ داروں کے جھرمٹ میں سعودی خاتون رجوہ السیف کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شاہی محل میں منعقدہ شادی کی تقریب میں امریکی خاتون اول جل بائیڈن، قطر کی شیخہ موزا بنت نصیر، بیلجیم، سپین، ڈینمارک، نیدرلینڈ اور جاپان کے شاہی گھرانوں کے افراد نے شرکت کی۔شادی تقریب میں برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن بھی شریک ہوئے۔شاہی محل میں ولی عہد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روایتی رقص کیا جبکہ مقبول بینڈز کی پرفارمنس نے تقریب میں چار چاند لگا دیے۔ شہزادہ حسین بن عبداللہ کی شاہی بارات میں ان کی سفید رنگ کی گاڑی آٹھ سرخ لینڈ روورز اور گیارہ موٹر سائیکلوں کے جھرمٹ میں دارالخلافہ کی سڑکوں سے گزری جہاں ہاتھوں میں نیک خواہشات کے پوسٹرز اور قومی پرچم لیے ہزاروں شہریوں نے ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جبکہ شہزادہ اور ان کی اہلیہ اپنی گاڑی سے ہاتھ ہلاکر لوگوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتے رہے۔شہزادے کے نکاح کی تقریب دارالخلافہ کے امان محل میں ہوئی جس کے بعد بارات حسیینیہ محل روانہ ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن