لاہور ( سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان میں دو طرفہ کرکٹ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جا رہے ہیں ۔ پاکستان میں سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں،چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کےساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان کے مرد اور خواتین کرکٹرز کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔انہیں مرد اور خواتین کرکٹرز کی ترقی اور انتظامی سطح پر اس کی منصوبہ بندی سے متعلق جو بریفنگ دی گئی بہت خوش ہوئے ہیں پاکستان کی خواتین کرکٹرز کا مستقبل بہت اچھا ہوگا۔ پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام نے میٹنگ میں نجم سیٹھی اور پی سی بی کو چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کی گارنٹی دےدی۔گریگ بارکلے نے نجم سیٹھی کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی پاکستان میں سکیورٹی صورتحال سے مطمئن ہے، چیمپئنز ٹرافی میں تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔ پی سی بی کے ساتھ کبھی زیادتی نہیں ہوگی جلد بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات چیت کروں گا۔
دورہ پاکستان سے بے حد متاثر، دو طرفہ کرکٹ کیلئے اقدامات قابل تعریف : گریگ بارکلے
Jun 02, 2023