لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی انجینئرنگ نہیں، مذاکرات اور اس کے نتیجہ میں شفاف قومی انتخابات مسائل کا حل ہیں، عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے۔ جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ ادارے غیرجانبدار ہوجائیں اور وہی فریضہ انجام دیں جو آئین پاکستان میں انہیں تفویض کیا گیا ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنا ہوگی، ملک میں جاری لڑائی عوام کے لیے نہیں ذاتی مفادات کے لیے ہے، موجودہ بحرانوں سے وی آئی پی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عام آدمی کو پیس کر رکھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ بعدازاں امیر جماعت سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے سابق وزرا کے ہمراہ ملاقات کی جس میں ملک میں جاری سیاسی اور کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔امیر جماعت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی کے لیے آج ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا اور عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
سراج الحق