پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیراعظم کے ماضی میں با اعتماد اور خاصے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے عثمان بزدار نے سیاست کو ہی بریک لگا دی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج کل جو سیاسی صورتحال چل رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے میں موجودہ حالات میں سیاست سے بریک لے رہا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، جن املاک کو نقصان پہنچایا گیا وہ ریاست پاکستان کی ملکیت تھیں، حکام بے گناہ افراد کو رہا کریں۔
سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سب لوگ پاکستان کی بہتری کیلئےسوچیں اور ملک کو آگے لے کر جائیں۔یاد رہے کہ پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے 9 مئی کو ہونے والے پُرتشدد احتجاج اور گرفتاریوں کے بعد پارٹی اور سیاست چھوڑنے کی جو ہوا چلی اس کا سلسلہ برقرار ہے۔