مظفر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ ہم نے فروری 2024 ء کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا ہے۔ حکومتیں بنیں گی تو عوام کی مرضی سے بنیں گی۔ ووٹ عوام کا حق ہے طاقتوروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے پاس طاقت کا نشہ ہو گا ہمارے پاس قومی حمیت و غیرت ہے۔ تمہاری طاقت کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ تم عوام کے حق سے مذاق کرتے رہو یہ نہیں ہو سکتا کہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر کہتے ہو کہ عوام کی کیا حیثیت ہے ہمیں اداروں کا احترام ہے۔ پارلیمنٹ کو عوام کا نمائندہ ادارہ سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا اس ملک میں جمہوریت ہو گی لیکن جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ 25 سال سے ہماری معیشت گرتی جا رہی ہے آج کسانوں کا برا حال ہے۔ گندم نہیں خریدی جا رہی۔ اس سفر میں جیل اور موت بھی آئی تو برداشت کریں گے۔ حالات کو وہاں تک نہ لیکر جائیں جہاں سے واپسی نہ ہو سکے، دوسری قومیں ترقی کرتی جا رہی ہیں اور ہم گرتے جا رہے ہیں۔ معیشت گرنے کی وجہ مخصوص گھرانے اور ادارے ہیں۔