لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خوراک خیبر پی کے ظاہر شاہ طورو نے بے ضابطگیوں اور بدانتظامی پر معطل کیے گئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) کی دھمکیوں سے متعلق سی سی پی او پشاور کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے سی سی پی او پشاور کو خط لکھا ہے کہ مجھے معطل ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نور حیات سے اپنے موبائل فون پر دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں۔ معطل ڈی ایف سی نے بار بار ہراساں کرنا اور دھمکانا جاری رکھا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ نور حیات نے میرے خاندان کو بھی نقصان پہنچانے کی دھمکی دی، یہ کالز مجھ سمیت میرے خاندان کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔ معطل ڈی ایف سی نے مجھے وزیر کی حیثیت سے اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکا، درخواست کرتا ہوں کہ پولیس ایکشن لے اور اس معاملے کی تحقیقات کرے۔