اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے جو اصل ملزم تھے وہ تو خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ بن گئے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے کے پی میں لوڈشیڈنگ کم کی۔ وزیراعظم سے صوبے کے مسائل پر بات کی ہے۔ مرکز اور صوبے کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا، امید ہے مستقبل میں ایسا ہی رویہ رہا تو وفاق کی جانب سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں کہ گورنر ہاؤس آئیں، صوبے کے امن اور ترقی کے لیے ملکر بیٹھیں، وزیر اعلیٰ کے پی سے کہا تھا دلائل کے ساتھ وفاق سے بات کریں اور اپنے مسائل بتائیں مگر وہ ایسی زبان استعمال کرتے تھے جس سے مسئلے کا حل نہیں نکلتا تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگے تو ہم بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اگر وہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں کے ذریعے آنا چاہتے ہیں تو کچھ نہیں کہہ سکتے۔ وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے۔ غریب آدمی کی زندگی میں سب سے اہم یہ ہے کہ اس پر سے مہنگائی کا بوجھ کم ہو، تمام وزارتوں کو الگ الگ اہداف دیے گئے ہیں۔ غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، عوام کو پٹرول کی مد میں 25روپے کا ریلیف دے چکے ہیں۔ وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی37سے کم ہو کر17فیصد ہوگئی ہے۔ ہمارے راستے میں بہت سی مشکلات، کٹھن مراحل آئے، ہمیں سیلاب اور زلزلوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ہماری توجہ دیہی علاقوں پر رہے گی، حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے، شہروں میں چھوٹے کاروبار کے لیے سہولیات پیدا کی جائیں گی، اس سال کا بجٹ عوام دوست ہو گا۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان کے زہریلے آرٹیکلز باہر کے اخبارات میں کیوں چھپ جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی فتنہ ہیں، ان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی ملک کی فوج اور چیف جسٹس کے خلاف محاذ بنایا گیا، نوجوانوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، 9 مئی سمیت بانی پی ٹی آئی یہ سب کیوں کر رہے ہیں، اس پر کمشن بنایا جائے، کمشن اس بات پر بننا چاہیے بانی پی ٹی آئی ملک دشمنی کیوں کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی فتنہ ہیں، سیاست پر اثر پڑ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو این آر او دیا جائے تو سارا انقلاب ختم ہو جائے گا، ان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے۔ صوبائی وزیر نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک میں فساد کروانا چاہتے ہیں، عوام کو اب سمجھنا ہو گا پی ٹی آئی کیسے ملک کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ ملک کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کو بہت عزت دی، انقلابیوں سے کہتی ہوں کہ ڈرامہ بازی بند کر دیں۔ اس مہینے پٹرول کی قیمت میں 20 سے 21 روپے کمی آئی ہے، حکومت آٹے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بہت کمی لائی ہے۔ پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی لائی گئی ہے۔ سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک انصاف کے بانی پی ٹی آئی نے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب سے متعلق جاری بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمود الرحمان کمشن رپورٹ پڑھنے کا مشورہ دینا کون سی غداری ہے, کبھی آپ کو کھیلنے کے لیے 9 مئی مل جاتا ہے، اب آپ کو حمود الرحمٰن کمشن رپورٹ ملک گئی ہے کھیلنے کے لیے۔ عارف علوی نے کراچی میں انصاف لائرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عام آدمی کے طور پر یہاں آیا ہوں، قانون کی پاسداری اس لیے کروں گا کہ میں مسلمان ہوں، قانون وہ بنتا ہے جس کی معاشرے میں عزت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا قانون کیسے چلے گا، دہشت گرد آزاد ہے اور عام آدمی پر دہشت گردی کی دفعات اے ٹی اے لگایا جاتا ہے، دل کے اندر حیا اور شرم ہونی چاہیے۔ عارف علوی نے کہا کہ موجودہ صدر نے استثنی لیا ہوا ہے، میں پیش ہوتا تھا، مجھ پر بندوقیں سپلائی کا مقدمہ ہے، اللہ کہتا ہے حکمران عدل کے ساتھ رہیں گے، قول نبی ہے قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ کبھی کھیلنے کے لئے 9 مئی مل جاتا ہے ا ور اب شیخ مجیب سے متعلق ٹویٹ مل گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے آفیشل اکاؤنٹ سے بنگلادیش کے سابق وزیراعظم شیخ مجیب الرحمان کی ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل عمر ایوب اور مرکزی ترجمان رؤف حسن کو طلب کر لیا۔ ایف آئی اے اس سے پہلے ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر چکی ہے۔ اب ایف آئی اے نے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ایف آئی اے نے نوٹس عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر جاری کیے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔ بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں کو منگل کو 11 بجے انکوائری کے لیے بلایا گیا ہے۔مصدق ملک نے کہابغاوت چھوڑیں اور ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے مذاکرات کریں‘ سنی اتحاد کے دوستوں کو کبھی دشمن نہیں کہا۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بیان میں کہا ہے کہ حمود الرحمن کمشن رپورٹ پڑھنے پڑھانے میں کوئی ہرج نہیں۔ ہرج اس نیت اور ذہنی فتور میں ہے جو آج 53 سال بعد جاگ اٹھا ہے۔ پی ٹی آئی چار سال حکمران رہی کیوں میڈیا پر رپورٹ کی تشہیر نہیں کی؟۔ آج بھی وقت ہے پی ٹی آئی خیبر پی کے تعلیمی اداروں کے نصاب کا حصہ بنا کر تسکین کا سامنا کر لے۔ علاوہ ازیں ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بدھ کو ایف آئی اے نے مجھے، عمر ایوب اور گوہر خان کو بلایا ہے، ضرور جائیں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری کسی ویڈیو کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا۔ ویڈیو میں صرف مماثلت تلاش کی گئی کہ اس وقت پاکستان کے کیا حالات تھے۔ ویڈیو کا تمام مواد ہمارا تخلیق کیا ہوا نہیں۔ ایک ایک نقطہ حمود الرحمن کمشن رپورٹ سے نکالا۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی سہولت نہیں، آج تک ملک میں جتنے بھی کمشن بنے ان کی رپورٹ شائع کی جائے۔ بانی سے ہفتے میں ایک بار ملاقات کی اجازت ہے۔
متنازعہ ویڈیو، ایف آئی اے نے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، رؤف حسن کو پرسوں طلب کر لیا
Jun 02, 2024