بجلی 3 روپے 25 پیسے یونٹ مہنگی، صارفین پر 34 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا

Jun 02, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جس کے نتیجے میں صارفین پر 34 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ جس کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 25  پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔ یہ اضافہ سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، جس کا اطلاق جون، جولائی اور اگست 3  ماہ کے لیے ہوگا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیپرا کی طرف سے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ لگائی جاتی ہے جو اگلے تین ماہ کے بلوں میں وصول کی جاتی ہے، جولائی اور اگست کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی کل قیمت 4.65 روپے سے کم ہو کر93 پیسے رہ جائے گی، جوکہ3.72 روپے کی کمی بنتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال 24-2023 کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ 2.75 روپے تھی جو اپریل، مئی اور جون کے مہینوں میں وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا نے تیسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا ہے جو جون، جولائی اور اگست میں وصول کی جائے گی۔ سردار اویس لغاری نے کہا کہ جون میں یہ ایڈجسٹمنٹ 1.90روپے ہوگی جو جولائی اور اگست میں کم ہو کر93 پیسے رہ جائے گی،  اس طرح جون میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کل 4.65 روپے وصول کئے جائیں گے۔ جولائی اور اگست کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی کل قیمت 4.65 روپے سے کم ہو کر93 پیسے رہ جائے گی جو 3.72  روپے کی کمی بنتی ہے۔

مزیدخبریں